Thursday 24 January 2019

کیا اسلام اور سائنس میں تضاد ہے؟ آخری قسط

کیا اسلام اور سائنس میں تضاد ہے؟

آخری قسط
•••••••••••••••••••••••••••••••••••••••••••••••••••••••••••••••
جب ہم مغربی تہذیب پر نگاہ ڈالتے ہیں 'تو پتہ چلتاہے کہ جدید سائنس خداپر ایمان کے ساتھ آئی تھی۔ 17ویں صدی جسے ہم ''سائنسی انقلاب کا زمانہ ''کہتے ہیں اس میں خدا پر ایمان رکھنے والے سائنس دانوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ان کا اولین مقصد خدا کی پیدا کردہ کائنات اور اس کی فطرت دریافت کرنا تھا۔ مختلف ممالک مثلاََبرطانیہ اور فرانس وغیرہ میں قائم سائنسی اداروں نے کائنات کے پوشیدہ اسرار دریافت کرکے اس کے خالق کے قریب تر پہنچنے کے عزم کا اعلان کر رکھا تھا۔یہ رجحان 18ویں صدی میں بھی برقرار رہا۔شاندار سائنسی کارنامے انجام دینے والے بعض سائنس دانوں کو قرب الٰہی کے حصول کے اعلانیہ عزم کے حوالے سے پہچانا جاتاتھا۔نیوٹن، کیپلر ،کوپرنیکس ،بیکن ،گلیلیو،پاسکل ،بوائل ،پالے اور کووئیر اسی قبیل کے سائنس دانوں میں سے تھے۔ان سائنس دانوں نے ایمان باللہ کے جذبے سے سائنسی تحقیق وجستجو کی ،جس کی تحریک انہیں جذبہ ایمانی سے حاصل ہوتی تھی۔
اس کا ثبوت ولیم پالے کی ''فطری علم معرفت ''کے نام سے 1802ء میں چھپنے والی کتاب تھی جس کا اہتمام ''برج واٹر ٹریٹیزز''نے کیا تھا
اس کتاب کا پورا نام (NATURAL THEOLOGY:EVIDENCES OF THE EXISTENCE AND ATTRIBUTES OF THE DEITY ,COLLECTED FROM APPEARANCES OF NATURE تھا)۔
اس کتاب کے نام سے ہی ظاہر ہے کہ بندہ مظاہرِفطرت پر غور وفکر کرکے ان کے خالق کو پہچان سکتا ہے۔ پالے نے زندہ اجسام کے اعضاء میں ہم آہنگی کوبہترین انداز میں قلم بند کرتے ہوئے اس بات پر زور دیاہے کہ ایک خالق کی موجودگی کا اقرار کیے بغیر اس طرح کی غیرمعمولی ڈیزائننگ کا پایا جانا ناممکن ہے۔ بالفاظ دیگر اعضاء کی یہ غیر معمولی ڈیزائننگ اور ان کے افعال ،ایک خالق ومدبرکے وجود کا ناقابل تردید ثبوت پیش کرتے ہیں۔
پالے کے تحقیقی کام کو بطور ماڈل سامنے رکھ کر ''رائل سوسائٹی آف لندن'' کے نامزد ارکان کے نام ایک خط لکھا گیا جس میں انہیں ذیل کے موضوعات پر ایک ہزار کتابیں لکھنے اور چھپوانے کا اہتمام کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ''خداکی قدرت وحکمت اور اس کی صفاتِ خیرجن کا اظہار اس کی تخلیقات سے ہوتا ہے اس پر قابل فہم دلائل و براہین یکجا کرنا۔ مثلاََخدا کی مخلوقات میں پایا جانے والا تنوع' نباتات اور معدنیات کی دنیا 'زندہ اجسا م کا نظامِ ہاضمہ اور پھر اس خوراک کو اپنا جزوبدن بنالینا' انسان کے ہاتھ کی ساخت اور اس کی دیگر صلاحیتوں کی وجہ سے تخلیقات ِخداوندی کے دلائل سامنے لانا'اس کے علاوہ آرٹس اور سائنس کے شعبوں میں قدیم اورجدید دریافتوں اور پورے ماڈرن لٹریچر کا ان حوالوں سے جائزہ لینا ''۔
وجود خداوندی کے نشانات کابہ نظرِغائرمطالعہ کرنے کی اس دعوت کا بہت سے سائنس دانوں نے جواب دیا۔ اس طرح بڑی گراں قدرتصانیف وجودمیں آئیں۔یہ سلسلہ ٔمطبوعات، مذہب اورسائنس کے اتصال و ہم آہنگی کی صرف ایک مثال ہے۔ اس سے پہلے اور بعد کے بے شمار سائنسی مطالعات اور تحقیقات کے پیچھے یہ جذبہ کارفرما تھا کہ خدا کی پیدا کردہ کائنات کو سمجھا جائے اور اس کے ذریعہ اس کے خالق کی لامحدود قوتوں کا ادراک کیا جائے۔
سائنس دان برادری کا اس ابتدائی راستے سے انحراف'19ویں صدی کے مغربی کلچرکے مادہ پرستانہ فلسفے کے غلبے کا نتیجہ تھا۔یہ صورت حال بعض سماجی اور سیاسی عوامل کی وجہ سے پیدا ہوئی جس کا بہت بڑا سبب ڈارون کا نظریہ ٔ ارتقا تھا۔یہ نظریہ ابتدائی نقطہ نظر کے بالکل منافی تھا اورنئی صورت ٔحال یہ بنی کہ مذہب اور سائنس کے لیے حصول علم کے دو ایسے مآخذ سامنے آگئے جو ایک دوسرے سے متصادم تھے۔اس صورت حال کے بارے میں برطانیہ کے تین محققین مائیکل بیجینٹ (MICHAEL BAIGENT) )رچرڈ لیRICHARD LEIGH))اور ہنری لنکن(HENRY LINCOLN)کا یہ تبصرہ تھا:
''ڈارون سے ڈیڑھ صدی پہلے آئزک نیوٹن کے لیے سائنس مذہب سے الگ نہیں تھی۔ بلکہ اس سے بالکل برعکس یہ مذہب کا ایک پہلو تھی اور بالآخر اس کے تابع تھی لیکن ڈارون کے زمانے کی سائنس نے خود کو مذہب سے نہ صرف الگ کر لیا بلکہ اس کی حریف بن گئی۔ اس طرح مذہب او ر سا ئنس کے درمیان ہم آہنگی ختم ہو گئی اور وہ دو مخالف سمتوں میں چلنے لگے جس کی وجہ سے انسانیت مجبور ہو گئی کہ وہ دو میں سے کسی ایک کو منتخب کرے''۔
سائنس کے ثابت کردہ حقائق کو اپنے مدمقابل پا کر مادیت پرست عناصر اپنے مخصوص ہتھکنڈوں پر اتر آئے۔ سائنس دان کو اپنے شعبے میں ترقی پانے'ایم ڈی یا پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے یا سائنسی مجلے میں اپنے مضامین چھپوانے کے لیے چند شرائط پوری کرنی پڑتی تھیں۔ان میں ایک شرط یہ تھی کہ وہ نظریۂ ارتقا کو غیر مشروط طو رپر قبول کرتا ہو۔ اس لیے بعض سائنس دان ڈارون کے مفروضوں کا پرچم اٹھانے پر مجبور ہوگئے حالانکہ دلی طور پر وہ ان کو مسترد کرتے تھے۔تخلیق خداوندی کی نشانیوں کے انکا رپر رپران کی طبیعت مائل نہیں تھی۔
امریکی مجلہ ''سائنٹی فک امریکن''کے ستمبر 1999ء کے شمارے میں ایک مضمون''امریکہ کے سائنس دان اورمذہب '' کے عنوان سے شائع ہوا۔ مضمون نگار روڈنی سٹارک (RODNEY STARK)نے جو یونیورسٹی آف واشنگٹن میں سوشیالوجی پڑھاتے ہیں'سائنس دانوں پر ڈالے جانے والے دباؤ کا انکشاف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ''سائنس سے متعلقہ افراد کی مارکیٹنگ کا سلسلہ 200سال سے جاری ہے ۔ سائنس دان کہلانے کے لیے تمہیں اپنا منہ بند رکھنا اور مذہب کی جکڑ بندیوں سے خو د کو آزاد رکھنا ہو گا۔ریسرچ یونیورسٹیوں میں مذہبی لوگ اپنے منہ بند رکھتے ہیں اور غیر مذہبی لوگ الگ تھلگ رہتے ہیں۔انہیں خصوصی سلوک کا مستحق گردانا جاتاہے اور انہیں اعلی ٰ مناصب پر پہنچنے کے مواقع دیے جاتے ہیں۔
آج حالا ت بدل چکے ہیں۔ مذہب اور سائنس کے درمیان مصنوعی فرق کوسائنسی دریافتوں نے حقائق کے منافی قرار دے دیا ہے۔ مذہب کا دعویٰ ہے کہ کائنات کو عدم سے وجود میں لایا گیا ہے او رسائنس نے اس حقیقت کے کئی ثبوت دریافت کر لیے ہیں۔ مذہب یہ تعلیم دیتاہے کہ زندہ اشیا ء کو اللہ تعالیٰ نے تخلیق کیا ہے اور سائنس نے زندہ اجسام کے ڈیزائن میں اس حقیقت کے شواہد دریافت کرلیے ہیں۔ مادہ پرست لوگ جو سائنس اور مذہب کو ایک دوسرے کا دشمن قرار دینا چاہتے ہیں نہ صرف کیتھولک کلیسا کی بے جا سخت گیری کو بطور مثال پیش کرتے ہیں بلکہ تورات یا انجیل کے بعض حصوں کا حوالہ دے کر یہ بھی ثابت کرتے ہیں کہ یہ تعلیمات کس قدر سائنسی دریافتوں سے متصادم ہیں۔ تاہم ایک سچائی جسے وہ نظر انداز کرتے ہیں یا اس سے ناواقفیت کا بہانہ کرتے ہیں، یہ ہے کہ انجیل اور تورات کے متن تحریف شدہ ہیں۔ ان دونوں آسمانی کتابوں میں انسانوں نے بہت سے توہمات اپنی طرف سے شامل کر دیے ہیں۔اس لیے ان کتابوں کو مذہب کے بنیادی مآخذ کے طور پر پیش کرنا غلط ہو گا۔
ان کے برعکس قرآن پورے کا پورا وحی ٔالٰہی پر مشتمل ہے 'اس میں رَتی بھر تحریف نہیں ہوئی اور نہ ہی ایک لفظ کی کوئی کمی بیشی ہوئی ہے۔یہی وجہ ہے کہ قرآن میں کوئی تضاد یا کوئی غلطی نہیں ۔ اس میں بیا ن کردہ حقائق سائنسی دریافتوں سے بے حد مطابقت رکھتے ہیں۔مزید برآں متعدد سائنسی حقیقتیں جو آج منظر عام پر آ سکیں ہیں، قرآن نے 1400سال پہلے ان کا اعلان کر دیا تھا۔ یہ قرآن کا ایک اہم معجزہ ہے جو اس کے کلام اللہ ہونے کے متعدد قطعی شواہد میں سے ایک ہے۔

0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔